کوئٹہ: (دنیا نیوز) ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ تمام حالات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، اب اگر کسی شخص یا تاجر نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تو سخت کاروائی کی جائے گی۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 13 لاکھ 29 ہزار خاندان معاشی طور پر متاثر ہو رہے ہیں، 6 ہفتوں کے دوران کورنا وائرس کے مریضوں کی شرح میں 161 فی صد اضافہ ہوا ہے، بلوچستان کے 14 اضلاع میں وائرس پھیل رہا ہے، زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں کوٹائین ہیں، سب سے زیادہ کیسز کوئٹہ میں سامنے آ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجروں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور اگر اب کہیں بھی خلاف ورزی ہوئی تو سختی سے کاروائی کی جائے گی، 13 لاکھ 29 ہزار سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے، آج مزید 33 افراد میں کورنا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1909 ہوگئی ہے۔