اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ قرضوں میں جکڑا ملک عالمی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے، اپوزیشن بلیم گیم نہ کھیلے. کورونا وبا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، پاکستان میں کورونا کیسز دوسرے ممالک سے بہت کم ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا سے نمٹنے کی پالیسی بنائی، مالی امداد کا پروگرام چل رہا ہے، 100 ارب تقسیم ہو چکے، آفت سے نمٹنے کیلئے تمام صوبوں کو رقم فراہم کی گئی۔ لاک ڈاون سے مڈل کلاس اور مزدور طبقہ زیادہ متاثرتھا۔ حکومت کو پریشانی تھی کہ لوگ کورونا سے شاید نہ مریں، بھوک سے ضرور مر جائیں گے۔
انہوں نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ کورونا کے معاملے کو سیاست سے پاک رکھا جائے، الزامات نہ لگائے جائیں تجاویز دیں۔