لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ چل پڑی، پردیسی گھروں کو لوٹنے لگے، زائد کرایوں نے مسافروں کو پریشان کر دیا۔
لاہور کے لاری اڈے پر بھی بسیں منز ل کی جانب روانہ ہونے لگیں، شہریوں کی اپنے آبائی علاقوں کو واپسی جاری ہے، شہر میں اڈون پر چہل پہل ہے، من مانے کرائے کی وصولی پر مسافر پریشان ہیں۔
فیصل آباد سے بھی پبلک ٹرانسپورٹ دوسرے شہروں کو رواں دواں ہے، اڈوں پر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا جا رہا، شہری گھروں کو واپسی پر خوش ہیں۔ ملتان میں بھی بس ٹرمینلز پر گہما گہمی شروع ہوگئی، مسافر آبائی علاقوں کو لوٹنے لگے ہیں، زائد کرائے وصول کئے جا رہے ہیں۔
پشاور سے بھی دوسرے شہروں کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ رواں دواں ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسلام آباد میں فیض آباد بس اڈے پر مسافروں کا رش ہے، تاہم کرایوں میں اضافے سے شہری پریشان ہیں۔
سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ اوپن نہ ہوسکی، بلوچستان حکومت نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ تاحال نا کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے عوام کی زندگی عزیز ہے، ٹرانسپورٹ کھلنے سے کورنا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔