طیارہ حادثہ: پی آئی اے کا جاں بحق ہونیوالوں کے اہلخانہ کو 10 لاکھ فی کس دینے کا اعلان

Last Updated On 23 May,2020 09:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کردیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق تدفین کے اخراجات پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجراز خود لواحقین کے گھر جا کر ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق المناک طیارہ حادثے میں جو بچھڑ گئے وہ تو کبھی واپس نہیں آئیں گے مگر پیاروں کیلئے ہمیشہ کا غم ضرور چھوڑ گئے۔ پی آئی اے نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے طیارہ حادثہ: پاک فوج سمیت دیگر اداروں کا ریلیف آپریشن جاری

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ تدفین کیلئے پی آئی اے کے قوانین کے مطابق 5 لاکھ روپے ادا کئے جاتے ہیں تاہم وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فی کس 10 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق تدفین کے اخراجات پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجرز خود لواحقین کے گھر جا کے ادا کریں گے۔۔اب تک 96 افراد کے خاندانوں سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
 

Advertisement