پی آئی اے طیارہ حادثہ، ارطغرل غازی، حلیمہ سلطان سمیت غیر ملکی فنکاروں کا اظہار افسوس

Last Updated On 27 May,2020 09:51 am

لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی طیارہ حادثے پر جہاں پورا پاکستان سوگوار ہے وہیں ترک فنکاروں انجن التان دوزیاتن اور اسریٰ بلجک سمیت بھارتی فنکاروں نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ڈرامہ ’’ارطغرل غازی‘‘ میں ارطغرل کا کردار نبھانے والے ادکار انجن التان دوزیاتن نے انسٹاگرام پر کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور پاکستان کے لیے دعا بھی کی۔

ڈرامے میں ارطغرل کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردارادا کرنے والی ترک اداکارہ اسریٰ بلجک بھی اس موقع پر پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا پیارے پاکستان، آج آپ کے نقصان پر میری انتہائی مخلصانہ تعزیت قبول کریں۔ تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین اور زخمیوں کے لیے دعائیں۔

ترک اداکاروں کے علاوہ بالی ووڈ اداکار انیل کپور، سونم کپور،جاوید اختر اور انوپم کھیر نے بھی گزشتہ روزکراچی میں تباہ ہونے والے خوفناک حادثے پر غم کا اظہار اور اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والے لوگوں کے لیے اظہار تعزیت کیا ہے۔

بھارتی اداکار انیل کپور نے ٹوئٹر پر کراچی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ان تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت جنہوں نے حادثے کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو کھودیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔

انیل کپور کی بیٹی اور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے بھی اپنے والد کی اسی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرکے کراچی میں ہونے والے خوفناک حادثے پر غم کا اظہار کیا۔

بھارتی اداکار انوپم کھیرنے پی آئی اے پلین کریش کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھااس المناک حادثے کا سن کرافسوس ہوا۔ انہوں نےحادثے میں اپنے پیاروں کو کھودینے والے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا خدا انہیں اس خوفناک حادثے کا سامنا کرنے کی طاقت دے۔

بھارتی ٹینس پلیئر اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی کراچی طیارہ حادثہ پر غم کا اظہار کیا۔

بھارتی شاعر اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر نے ٹوئٹر پر کراچی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور لکھا کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آفتیں بھی جھرمٹ میں آتی ہیں۔
 

Advertisement