وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی شہید پائلٹ سجاد گل کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت

Last Updated On 26 May,2020 03:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کراچی طیارے حادثے میں شہید پائلٹ سجاد گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت کی، ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے آخری لمحے تک اپنی پوری کوشش کی لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا-

وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے مرحوم کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی- انہوں نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ سجاد گل کے جانے پر دلی رنج ہوا، اس مشکل گھڑی میں آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں- دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے-

وزیر داخلہ نے کہا آپ کی تکلیف کا اندازہ کوئی نہیں کر سکتا، یہی دعا ہے کہ خدا آپ کو ہمت دے- اس حادثے میں ہم نے قیمتی جانوں کی صورت میں قومی اثاثے کھو دیئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن سجاد گل کی وفات نہ صرف پی آئی اے بلکہ تمام ملک کے لئے ایک بڑا نقصان ہے- انہوں نے آخری لمحے تک اپنی پوری کوشش کی لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا-

وزیر داخلہ نے مرحوم کے والد کو یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق حادثے کی تحقیقات شفاف طریقے سے ہوں گی- اس موقع پر مرحوم پائلٹ سجاد گل کے والد نے تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ایسے بیانات دینے سے اجتناب کریں جس سے مرحوم کے اہل خانہ کی دل آزاری ہو۔
 

Advertisement