بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو کراچی میں مسافر طیارے کے حادثے پر تعزیت کا پیغام بھیجا ہے۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کیلئے اظہار ہمدردی کیا۔ وانگ ژی نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں چین کے عوام پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔
خیال رہے کہ 22 مئی کو کراچی ائیرپورٹ پر رن وے کے قریب واقع ماڈل کالونی کے گھروں پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارے میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔
ائیربس اے 320 پی آئی اے کی پر واز پی کے 8303 لاہور سے 1بج کر 10 منٹ پر کراچی کے لئے روانہ ہوئی تھی جو کہ منزل کے قریب پہنچ کر حادثے کا شکار ہو گئی۔
عالمی رہنماؤں کی جانب سے کراچی طیارہ حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔ اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں عالمی رہنماؤں نے طیارہ حادثہ کو بڑا نقصان قرار دیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں کراچی طیارہ حادثے پر ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ تعزیتی خط میں ڈاکٹر روحانی نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
افغان صدر اشرف غنی نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثہ پر غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے پاکستانی حکومت، عوام، متاثرین کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے اﷲ سے دعا کی کہ وہ متاثرین کو اپنی لاتعداد رحمت سے نوازے اور ان کو اپنی وسیع جنت میں نصیب کرے اور ان کے اہلخانہ اور عزیزوں کو صبر جمیل عطا کرے۔