کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد سے جلد مرتب کی جائیگی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انسانی جانوں کے ضیاع کی تلافی نہیں کرسکتا تاہم حکومت شہدا کے خاندانوں کو دس دس لاکھ روپے کی امداد کی فراہمی کا عمل تیز کریگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مالیاتی تخمینہ کے بعد ان لوگوں کو بھی معاوضہ دیا جائیگا جن کے مکانوں گاڑیوں یا دوسری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ تین ماہ میں واقعے کی کم از کم ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ یقینی بنائی جائیگی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے کی آزادنہ، منصفانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیںگی اور اگر کوئی بھی اس کا ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز، امدادی اداروں اور عام شہریوں نے حادثے کے متاثرین کو بچانے کیلئے غیر معمولی انسانی جذبے کا مظاہرہ کیا۔