کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے کے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 34 لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ عید کے روز بھی جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔
تفصیل کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے میں مرنے والے 34 افراد کی شناخت کر لی گئی، ان افراد کی لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب طیارہ گرنے کے مقام اور اطراف کے علاقوں میں عید کے روز بھی فضا سوگوار رہی۔ اہل علاقہ نے عید کی خوشیاں نہیں منائیں۔ پاک آرمی، پولیس، رینجرز اور ایوی ایشن اداروں کے حکام مسلسل جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
عید کے پہلے روز طیارے کے ملبے کو بھی جمع کیا گیا۔ ملبہ ہٹانے کا نصف سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔ تحقیقاتی ٹیموں کی ہدایت کے بعد ملبہ جائے حادثہ سے منتقل کیا جائے گا۔