طیارہ حادثہ تحقیقات: پی آئی اے ٹیم کا جائے حادثہ کا جائزہ، فرانسیسی ٹیم کل پہنچے گی

Last Updated On 25 May,2020 12:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) طیارہ حادثے کی تحقیقات کیلئے فرانسیسی ٹیم کل کراچی پہنچے گی، ائیر بس کے نمائندوں کا بھی جائے حادثہ اور رن وے کا دورہ شیڈول ہے۔ تباہ شدہ جہاز کے انجنوں کی ممکنہ منتقلی کا عمل روک دیا گیا، پی آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے جائے حادثہ کے معائنے کے دوران تباہ حال طیارے کا جائزہ لیا۔

فرانسیسی ماہرین کی ٹیم پاکستان میں 16 گھنٹے تحقیقات کرے گی، ماہرین خصوصی طیارے سے کل صبح 6 بج کر 40 منٹ پر کراچی پہنچیں گے۔
فرانسیسی ماہرین طیارہ حادثے کی جگہ جناح گارڈن کا دورہ کرینگے۔ ماہرین پاکستان کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے اور اپنے ساتھ جہاز کا بلیک باکس فرانس لے جائیں گے۔ فرانسیسی ٹیم کل رات 10 بجے واپس روانہ ہو جائے گی۔

اس سے پہلے پی آئی اے کی خصوصی ٹیم نے آج جائے حادثہ کا دورہ کیا، 7 رکنی ٹیم نے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ کتنی عمارتیں جزوی اور کتنی مکمل تباہ ہوئیں، اس کا بھی تعین کیا جائیگا۔ سول ایوی ایشن اور شہری انتظامیہ کی ٹیمیں بھی پی آئی اے ٹیم کے ہمراہ رہیں۔
ٹیم حتمی رپورٹ وفاقی حکومت کے حوالے کرے گی۔