ریلوے حکام کا 30 ٹرینوں کی بکنگ جاری رکھنے کا فیصلہ

Last Updated On 29 May,2020 10:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ریلوے حکام نے ملک بھر میں جزوی طور پر چلنے والی 30 ٹرینوں کی بکنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرین آپریشن میں مزید دس ٹرینیں بھی شامل کی جائیں گی، یہ فیصلہ مسافروں کی تعداد بڑھنے کے باعث کیا گیا۔

حکومت کی جانب سے اکتیس مئی تک ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال کیا گیا تھا۔ تمام ٹرینوں میں اکتیس مئی تک سو فیصد بکنگ مکمل ہونے اور رش زیادہ ہونے کے باعث ریلوے انتظامیہ نے ٹکٹوں کی بکنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لوگ ان ٹرینوں میں تین ماہ قبل کی آن لائن ایڈوانس بکنگ بھی کروا سکتے ہیں۔ ریزرویشن دفاتر سے ان ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ بھی ہو سکے گی۔

ریزرویشن دفاتر میں صرف ایک ایک کاؤنٹر ایڈوانس بکنگ کے لئے کھولا گیا ہے جبکہ ریلوے نے اپ اینڈ ڈاؤن کی 10 مزید ٹرینوں کو یکم جون سے آپریشن میں بھی شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ٹرین آپریشن میں شامل کی جانے والی ٹرینوں میں شالیمار ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، سرسید ایکسپریس، رحمان بابا اور ہزارہ ایکسپریس شامل ہیں۔

اس سے قبل جزوی چلنے والی 15 ٹرینیں مختصر سٹاپس کے ساتھ لاہور، کراچی، راولپنڈی، سکھر، کوئٹہ، پشاور اور کراچی کے درمیان چل رہی ہیں۔

ریلوے سٹیشن آنے والے مسافروں کے لئے ماسک پہننا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ ٹرین چلنے سے ایک گھنٹہ قبل مسافروں کو سٹیشن آنے کی اجازت ہے۔