لاہور: (دنیا نیوز) خانیوال میں بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، نوشکی میں پک اپ اور کار میں تصادم جبکہ کالا شاہ کاکو میں باراتیوںسے بھری وین الٹ گئی۔
تفصیل کے مطابق خانیوال میں بے قابو بس الٹنے سے نو افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے میں چھ ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
تیز رفتار مسافر بس لاہور سے ملتان جا رہی تھی کہ خانیوال رانگو پل کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ واقعہ
ریسکیو اہلکاروں نے بس کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خانیوال بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ادھر کالا شاہ کاکو میں بھی ٹریفک حادثہ آیا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر باراتیوں سے بھری وین الٹنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں دو بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔
متاثرہ فیملی کالا خطائی سے بارات لے کر فاروق آباد جا رہی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
ادھر نوشکی میں بھی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کار اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ چودہ زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق یہ حادثہ قومی شاہراہ پر جنگلات کے قریب حادثہ ہوا۔
کوئٹہ سے خاران جانے والی کار اور پک اپ میں ٹکر ہوئی جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا۔ جاں بحق تین افراد کا تعلق خاران جبکہ دو کا کوئٹہ سے ہے۔