عیدالفطر پر دو روز کے دوران پنجاب میں ریکارڈ 2818 حادثات، 27 افراد جان کی بازی ہار گئے

Last Updated On 26 May,2020 09:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عید پر دو روز کے دوران پنجاب میں ریکارڈ دو ہزار آٹھ سو اٹھارہ ٹریفک حادثات ہوئے۔ گاڑیوں کے تصادم میں ستائیس افراد جان کی بازی ہار گئے، تین ہزار تین سو پینسٹھ زخمی ہوئے۔ ڈی جی ریسکیو کہتے ہیں کہ 80 فیصد حادثات موٹر سائیکل کی وجہ سے پیش آئے۔

تفصیل کے مطابق عید اور ٹرو پر تیز رفتاری اور لاپرواہی نے کئی گھر اجاڑ دئیے۔ دو روز کے دوران پنجاب میں 2818 ٹریفک حادثات 27 زندگیوں کے چراغ گل، 3365 افراد زخمی، خوشیاں غم میں بدل گئیں۔

ڈی جی ریسکیو 112 ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا ہے کہ عید کے دو روز میں 2818 حادثات ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے، ان میں سے 80 فیصد حادثات موٹر سائیکل کے باعث پیش آئے۔

وہ دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ 70 فیصد موٹر سائیکل سواروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں، تیز رفتاری سے پرہیز، لین کی پابندی اور ہیلمٹ کے استعمال سے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔