خانیوال میں حادثے کی شکار وین نہر سے نکال لی گئی، 11 لاشیں برآمد، ایک کی تلاش جاری

Last Updated On 10 May,2020 02:06 pm

خانیوال: (دنیا نیوز) شیخوپورہ سے میاں چنوں آنے والی کیری وین نمبری 5690 ایل ای ای کو 32 گھنٹے بعد میلسی لنک کنال سے نکال لیا گیا، وین میں سوار بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئیں تاہم ایک کی تلاش جاری ہے۔

خانیوال، میاں چنوں اور چوک اعظم کے ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد وین پر سوار ہو کر فوتگی پر شیخو پورہ گئے تھے جہاں سے بدقسمت خاندان موٹروے کے ذریعے واپس میاں چنوں آ رہا تھا کہ عبدالحکیم انٹر چینج سے اترنے کے بعد گھر والوں سے موبائل فون کا رابطہ ختم ہوگیا، کیری وین میں سوار افراد کی موبائل کال کی آخری لوکیشن تلمبہ کے نزدیک آئی جس کے بعد تمام افراد کے موبائل فون بند ہو گئے۔

کیری وین نہر کنارے ایک موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے میلسی لنک کنال تلمبہ کے قریب پل باہمن پر نہر میں جا گری، گاڑی کے نہر میں گرنے کے 22 گھنٹے بعد نہر کے کنارے بچے کے فیڈر اور گاڑی کے ٹوٹے ہوئے شیشے ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آئی۔ ڈی سی نے میلسی لنک کنال کو بند کروایا، ریسکیو ٹیموں نے دوسرے روز موقع پر پہنچ کر نہر میں تلاش شروع کی۔ کیری وین میں 4 خواتین اور 3 بچوں سمیت 11 افراد سوار تھے۔ میاں چنوں فضل کالونی کے عمران کی اہلیہ 2 بچیاں اور سسرالی خاندان تھا۔ موٹرسائیکل سوار بھی نہر میں گر گیا تھا۔

ریسکیو نے آپریشن کرتے ہوئے گاڑی کو نہر سے نکالا تو گاڑی میں موجود بچوں، خواتین سمیت نوافراد کی لاشیں نکال لیں، دو افراد کی لاشیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، ریسکیو نے لاشوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔