لاہور: (دنیا نیوز) عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم خریداری مہم کا 57 فیصد ہدف پورا کر لیا ہے، 45 لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف پورا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں گندم خریداری مہم کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب حکومت تقریباً 26 لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے، 85 فیصد باردانہ کاشتکاروں کو جاری کیا جا چکا ہے، کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دے رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ گندم خریداری مراکز پر سماجی فاصلے برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں، کاشتکاروں کے لئے مراکز پر ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، خود گندم خریداری مہم کی نگرانی کر رہا ہوں، کاشتکاروں کے مفادات کا مکمل تحفظ کریں گے۔
ادھر تھیلیسیمیا کے مرض سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں عثمان بزدار کا کہنا تھا تھیلیسیمیا موروثی مرض اور معصوم بچوں کا انتہائی تکلیف دہ مسئلہ ہے، تھیلیسیمیا کے مرض کا شکار بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، صوبے بھر میں تھیلیسیمیا کے مرض کے تدارک کیلئے جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے۔