لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے کورونا وباء اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں، اداروں کیلئے ایک کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے، محکمہ اطلاعات و ثقافت کو منظور شدہ فنڈز ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کو جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن سے زندگی کا ہر طبقہ متاثر ہوا ہے۔ متاثرہ طبقات اور اداروں کی ضروریات کو پورا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت ثقافت اور ادب کو فروغ دینے کے اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت ثقافتی و ادبی اداروں کی معاونت جاری رکھے گی۔ ثقافت و ادب سے لگاؤ رکھنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں۔صورتحال بہتر ہونے پر صوبے میں ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کو پہلے سے زیادہ فروغ دیا جائے گا۔