لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت دے دی، مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے۔ انہوں نے کہا ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی جس میں کورونا وباء کے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مقیم مسافروں تک رسائی دی جائے گی، اس ضمن میں ضروری امور جلد طے کئے جائیں گے، او پی سی پنجاب کے حکام مسافروں سے رابطہ کر کے ان کے مسائل حل کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حالیہ وباء کے باعث بیرون ملک مقیم کئی پاکستانی اپنی روزی سے بھی محروم ہوئے ہیں، ورک پرمٹ پر بیرون ملک روزی کمانے والے پاکستانیوں کو ریلیف دینے کا جائزہ لیں گے، اس ضمن میں متعلقہ محکموں اور اداروں کو ریلیف پیکج کی تیاری کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔