لاک ڈاؤن میں نرمی، 10 کروڑ 40 لاکھ چینی شہریوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا

Last Updated On 06 May,2020 07:29 pm

شنگھائی: (دنیا نیوز) شنگھائی کا ڈزنی لینڈ جزوی طور پر کھولنے کی تیاری کر لی گئی، محدود افراد کو ٹکٹس جاری کیے جائیں گے جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے کے بعد حکومتی اجازت ملنے پر یکم سے 5 مئی تک جاری رہنے والی چھٹیوں کے دوران 10 کروڑ 40 لاکھ لوگوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا جس کے باعث 6 ارب ڈالر سے زائد کی آمدن ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق چین کے معروف شہر شنگھائی کے ڈزنی لینڈ کو سیاحوں کے لیے کھولنے کی تیار ی کی جا رہی ہے سیاح 11 مئی سے پارک میں جا سکے گے، 80 ہزار والے پارک میں 30 فیصد سے کم سیاح آ سکیں گے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہوں گی ماسک پہننا ہو گا،6 فٹ کا سماجی فاصلہ بھی ضروری قرار دے دیا گیا یہ پارک وبا کے پھیلنے کے بعد جنوری کے آخری ہفتے سے بند ہے۔

دوسری طرف کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن میں نئے کیسز نہ آنے کے بعد چینی حکومت نے نرمی کی تو شہریوں نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا۔

چینی میڈیا کے مطابق حکومت نے سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے جس کے بعد 5 روزہ چھٹیوں میں عوام نے خوب سیرو سیاحت کی۔ چین میں یکم سے 5 مئی تک جاری رہنے والی چھٹیوں کے دوران 10 کروڑ 40 لاکھ لوگوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا جس کے باعث 6 ارب ڈالر سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ان چھٹیوں کے دوران بیرون ملک سے کوئی چھٹیاں منانے چین نہیں گیا بلکہ یہ سارے چینی شہری ہی تھے جنہوں نے کئی مہینے بعد آزادی ملنے کا بھرپور جشن منایا ہے۔