معروف سماجی رہنما فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا

Last Updated On 06 May,2020 11:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیصل ایدھی نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا، تیسری مرتبہ ٹیسٹ کروانے پر نتیجہ منفی آیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹر پر جاری پیغام میں فیصل ایدھی نے اپنی کورونا ٹیسٹ رپورٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنا تیسرا ٹیسٹ دو روز قبل یعنی چار مئی کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں کروایا تھا، جو منفی آیا۔

فیصل ایدھی نے ٹویٹ میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل فیصل ایدھی کے دونوں ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ ان کا پہلا کورونا ٹیسٹ گزشتہ ماہ مورخہ 20 اپریل کو ہوا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔ ٹیسٹ سے پہلے فیصل ایدھی کو ہلکا بخار اور نزلے کی شکایت تھی۔ وہ کئی دنوں سے کورونا کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ 

ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہوئی تو فیصل ایدھی اسلام آباد میں ہی موجود تھے جہاں انہیں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈاکٹرز نے فیصل ایدھی کو اسلام آباد ہی میں قیام کا مشورہ دیا تھا۔

قبل ازیں فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی کورونا کا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جس کے نتیجہ منفی آیا۔

 

فیصل ایدھی نے اپنی ٹویٹ میں پمز ہسپتال کورونا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر نسیم اختر اور ان کی ٹیم کا صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔