لاہور: (دنیا نیوز) ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پنجاب سے متعلق ایک تہلکہ خیز رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں ایک کروڑ 12 لاکھ افراد بیروزگار ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے پنجاب کو 23 کھرب روپے کا نقصان ہوگا، پنجاب حکومت نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کو رپورٹ ارسال کر دی ہے۔ عمران خان کو پیش رپورٹ میں ایشین ڈویلپمنٹ اور پاکستان انسٹیٹوٹ آف ڈویلپمنٹ کے نئے ہو شربا اعدادوشمار سامنے آگئے۔
پنجاب میں 3 درجے کے لاک ڈاون ہونے سے صوبائی معشیت کو ہونے والے نقصان کتنا ہوگا ؟ مکمل لاک ڈاون کرنے سے 23 کھرب، درمیانے درجے کے لاک ڈاون سے صوبائی معشیت کو 11 کھرب 10 کروڑ جبکہ معمولی درجے کے لاک ڈاون سے صوبائی معشیت کو 1 کھرب 43 ارب روپے کا نقصان ہو گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مکمل لاک ڈاون کرنے سے 1 کروڑ 12 لاکھ افراد، درمیانے درجے کے لاک ڈاون سے صوبے میں 90 لاکھ 30 ہزار افراد جبکہ معمولی درجے کے لاک ڈاون سے 10 لاکھ 80 ہزار افراد کے بے روزگار ہونے کا اندیشہ ہے۔
نئی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں غربت بڑھنے کا اندیشہ 54 فیصد ظاہر کیا گیا ہے، مکمل لاک ڈاون ہونے سے صوبے میں غربت 34.3 فیصد بڑھ سکتی ہے۔ درمیانے درجے کے لاک ڈاون سے غربت 19.9 فیصد بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ معمولی درجے کے لاک ڈاون سے غربت 9عشاریہ 4فیصد بڑھ سکتی ہے۔