نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس پر تحقیق کی جا رہی ہے، تاہم اسی دوران امریکا سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے، امریکا کی پٹس برگ یونیورسٹی میں کورونا وائرس پر تحقیق کرنے والے ایک چینی پروفیسر کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ مقتول پروفیسر کورونا وائرس کے حوالے سےاپنی تحقیق میں انتہائی اہم نتائج کے بالکل قریب پہنچ چکے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر بنگ لو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے گئے اور ان سر اور گلے میں گولیوں کے نشانات پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کے معاملے پر امریکا سے جنگ ہو سکتی ہے: چینی صدر کو رپورٹ پیش
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ پروفیسر لو کے گھر کے قریب ایک کار میں ایک اور شخص مردہ حالت میں ملا ہے اور مبینہ طور پر اسی شخص نے پروفیسر لو کو ان کے گھر میں قتل کرنے کے بعد اپنی کار میں خودکشی کرلی۔
پولیس کا ماننا ہے کہ دونوں افراد ایک دوسرے سے کو جانتے تھے مگر اس بات کے شواہد موجود نہیں ہے کہ پروفیسرلو کو چینی شہری ہونے کی وجہ سے قتل کیا گیا۔
پٹس برگ یونیورسٹی نے اپنے بیان میں میں پروفیسر لو کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پروفیسر لوئی کے یونیورسٹی میں موجود ساتھیوں کا کہنا ہے کہ پروفیسر لو کورونا وائرس سارس کوو2 کے حوالے سے انتہائی اہم تحقیق کر رہے تھے اور وہ اس بارے میں بہت ہی اہم نتائج کے قریب پہنچ چکے تھے۔