لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 24 ہزار 73 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 38 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 564 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1523 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 9077، سندھ میں 8640، خیبر پختونخوا میں 3712، بلوچستان میں 1495، گلگت بلتستان میں 388، اسلام آباد میں 521 جبکہ آزاد کشمیر میں 76 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 44 ہزار 778 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 196 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 ہزار 464 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 38 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 564 ہوگئی۔ سندھ میں 157، پنجاب میں 175، خیبر پختونخوا میں 203، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 22 اور اسلام آباد میں 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔