امریکا میں کورونا سے مزید 2 ہزار 536 ہلاکتیں، تعداد 74 ہزار 807 ہو گئی

Last Updated On 07 May,2020 03:39 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا سے مزید 2536 ہلاکتوں کے بعد تعداد 74 ہزار 807 ہو گئی، صدر ٹرمپ نے وبا کو امریکا پر کیا جانے والا بدترین حملہ قرار دے دیا، امریکی وزیرخارجہ نے کہا ہے ووہان لیب سے اخراج بارے یقین سے نہیں کہہ سکتے لیکن شواہد بھی موجود ہیں۔

امریکا میں مہلک وائرس سے مزید 2 ہزار 536 افراد ہلاک ہو گئے، سب سے زیادہ 752 افراد ریاست نیویارک میں لقمہ اجل بنے، نیو جرسی میں کورونا نے 280 افراد کی جان لی جبکہ مزید 25 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ وبا امریکہ پر کیا جانے والا بد ترین حملہ ہے۔ انہوں نے اس وبا کا موازنہ پرل ہاربر حملے اور نائن الیون کے واقعات سے کیا۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ووہان لیب سے اخراج بارے یقین سے نہیں کہہ سکتے لیکن شواہد بھی موجود ہیں۔

چین کا کہنا ہے کہ امریکہ یہ سب کورونا وائرس کے خلاف لیے گئے ان کے اپنے اقدامات سے توجہ ہٹانے کے لیے کر رہا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کورونا وائرس کی ایک سے زیادہ اقسام گردش میں ہیں، امریکی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کی ایک نئی لہر آئی ہے جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وائرس کے مقابلے کیلئے تیزی سے کام کرنا ہوگا ورنہ بنائی ویکسین اور دوائیں زیادہ موثر نہیں ہوں گی۔
 

Advertisement