واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کوورنا سے مزید 2 ہزار 139 افراد ہلاک ہو گئے، اموات کی تعداد 76 ہزار 928 ہو گئی، صدرٹرمپ کا ٹیسٹ پھر منفی آ گیا، امریکی صدر نے ایک بار پھرچین کی ووہان لیب پر شبہ کا اظہار کر دیا ۔۔
امریکا میں مہلک وائرس مسلسل جانیں نگل رہا ہے، مزید 2 ہزار 129 افراد ہلاک ہو گئے۔ سب سے زیادہ 409 اموات نیو یارک میں ہوئیں اور ریاست نیو جرسی میں 262 افراد لقمہ اجل بنے۔ وائٹ ہاؤس کے اہلکار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر ٹرمپ کا دوبارہ ٹیسٹ کرایا گیا جو منفی آیا، امریکی میڈیا کے مطابق کورونا سے متاثرہ شخص امریکی بحریہ کا اہلکار تھا اور وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ڈیوٹی کرتا تھا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے پھر شبہ ظاہر کیا ہے کہ چین کی ووہان لیب میں کورونا وائرس کے حوالے سے کچھ ہوا تھا۔ صدر ٹرمپ چینی لیب کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ وہان لیب کے حوالے سے بہت واضح شواہد دیکھ چکے ہیں، دوسری جانب چین نے امریکی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔