نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا، امریکی صدر کے نجی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کو امریکا کے لیے پرل ہاربر اور نائن الیون کے حملوں سے بھی زیادہ تباہ کن قرار دے دیا۔
امریکی صدر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کہا جتنا نقصان کورونا سے ہوا اس کی امریکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ کورونا وائرس کو چین میں ہی روکا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 74 ہزار 800 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 12 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد کورونا کے مریض بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 دسمبر 1941 میں جاپانی فوج نے امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو کی پرل ہاربر بندگار پر حملہ کردیا تھا حالانکہ اس وقت امریکا جنگ عظیم دوئم میں غیر جانبدار ملک تھا اور اس حملے کے اگلے روز ہی امریکا جنگ عظیم دوئم میں کود پڑا تھا۔
اس حملے میں مجموعی طور پر 2403 امریکی شہری (فوجی اور سویلین) ہلاک اور 1143 زخمی ہوئے تھے۔ امریکا نے جنگ عظیم دوئم میں جاپان کے دو شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایٹم بم گرائے جس کے بعد جنگ عظیم دوئم اپنے اختتام کو پہنچی۔
پرل ہاربر پر ہونے والا حملہ وہ حملہ تھا جس کے بعد امریکا نے فیصلہ کرلیا تھا کہ اب وہ کسی کو بھی اپنے ملک میں حملے کی اجازت نہیں دے گا اور اس سے پہلے کہ کوئی ملک اس پر حملہ کرنے کا سوچے امریکا اسے فوری طور پر روکنے کیلئے اقدامات شروع کرے گا۔
اس نظریے کے تحت امریکا نے دنیا کے متعدد ممالک میں عسکری مداخلت کی اور اس کی وجہ اپنی قومی سلامتی کو خطرہ بتایا۔ عراق اور افغانستان اس کی مثالیں ہیں۔
اسکے علاوہ11 ستمبر 2001 میں امریکا کے شہر نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ہوا جس میں 2977 افراد ہلاک اور 25 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے۔
حملے کے بعد امریکا نے القاعدہ پر الزام عائد کیا اور اس کے اس وقت کے سربراہ اسامہ بن لادن کو پکڑنے کیلئے افغانستان میں فوج اتار دی اور یہ جنگ اب تک جاری ہے تاہم چند ماہ قبل افغان طالبان اور امریکا میں غیر ملکی افواج کے انخلاء کے حوالے سے دوحا معاہدہ ہوا ہے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار چین پر الزام عائد کرچکے ہیں کہ یہ وائرس چین کی لیبارٹری میں تیار کیا گیا اور پھر پوری دنیا میں پھیلایا گیا تاہم چین اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔