اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے سے مزید صنعتوں اور متعلقہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئرز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ ہارڈویئر سٹور کو بھی اوپن کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں صبح فجر سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی۔ اوپن ہونے والی چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں ہفتے میں 2 دن بند رہیں گی۔ دو دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز، دودھ دہی کی دکانوں، کریانہ سٹوروں، تندوروں اور بیکریوں پر نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے جبکہ بورڈ کے امتحانات کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ 9ویں، 10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت میں پروموشن گزشتہ برس کے رزلٹ پر ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے تناظر میں شہریوں کو حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بھی بنانا ہے اور عام آدمی کے مسائل بھی حل کرنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے وفاق اوردیگر صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں۔