کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے سبب تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوگئیں، ایک ماہ میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 23 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا پھیلی تو ملک بھر میں لاک ڈاون کردیا گیا، جس کے باعث تعمیراتی سرگرمیاں کم ہوگئی اور سیمنٹ کی کھپت میں بھی واضع کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کے مطابق اپریل 2020ء میں سیمنٹ کی فروخت 23 فیصد کمی کے بعد 35 لاکھ 20 ہزار ٹن رہی جو کہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 46 لاکھ 10 ہزار ٹن تھی۔
پاکستان کی طرح دیگر ممالک میں بھی تعمیراتی سرگرمیوں میں واضع کمی ریکارڈ کی گئی، یہی وجہ ہے کہ اپریل 2020ء میں سیمنٹ کی برآمدات 57 فیصد کی کمی کے بعد 2 لاکھ 49 ہزار ٹن رہی جو کہ اپریل 2019 میں 5 لاکھ 74 ہزار ٹن تھی۔
ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے لئے اعلان کیے گئے پیکیج سے سمینٹ کی کھپت میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے۔