خانیوال: (دنیا نیوز) خانیوال کے قریب لاھور سے ملتان جانے والی مسافر بس موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس میں سوار 7 مسافر جاں بحق جبکہ 35 شدید زخمی ہو گئے۔ چھ ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا جسے خراش تک نہ ائی۔ بس میں 42 سے زائد مسافر سوار تھے، کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز ہوا میں اڑا دی گئی۔
خانیوال قومی شاہراہ پر پل رانگو کے نزدیک لاھور سے ملتان جانے والی بس موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی، 7 مسافر موقع پر جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ریسکیو آپریشن دوگھنٹے تک جاری رہا، ریسکیو اہلکار بس کی باڈی کاٹ کر زخمی مسافروں کو نکالتے رہے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال اور نشتر ہسپتال ملتان شفٹ کردیا ہے جن میں تین معصوم بچوں سمیت 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بس میں سوار ایک 6 ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا جسے خراش تک نہ آئی۔ بس میں 42 سے زائد مسافر سوار تھے، کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ٹراما سنٹر میں ڈاکٹرز سمیت تمام سٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیا پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔