لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبد العلیم خان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال گندم کی خرید کا حجم اور طریقہ کار تبدیل کریں گے، گندم کی خریداری پر بھاری رقم خرچ ہوتی ہے اس پر نظر ثانی کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر قانون راجہ محمد بشارت، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری نے شرکت کی جبکہ وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس میں گندم کی خریداری اور ذخائر میں کامیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے اب تک کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ گندم کی بھرپور خریدمتعلقہ محکموں کی مشترکہ کامیابی ہے۔ پنجاب صوبے میں خوراک کی جامع پالیسی تشکیل دینے پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال گندم کی خرید کا حجم اور طریقہ کار تبدیل کریں گے۔ پنجاب گندم میں خود کفیل ہے، انشاء اللہ کوئی قلت نہیں ہوگی۔ سرکاری گندم کی خرید کے بعد خیبر پختونخوا کیلئے بندوبست کر رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی کے کے خوراک کے محکمے مشترکہ طور پر گندم کی خرید کرینگے۔ فلور ملزاور سیڈ کمپنیاں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں۔ گندم کی خرید پر بھاری رقم خرچ ہوتی ہے، نظر ثانی کریں گے، آئندہ گندم کی خرید کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے