واپڈا نے مورونج ڈیم پراجیکٹ کیلئے مشاورتی خدمات کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا

Last Updated On 29 May,2020 04:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جنوبی پنجاب میں پانی کے وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے واپڈا نے مورونج ڈیم پراجیکٹ کیلئے مشاورتی خدمات کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا ہے، منصوبے سے علاقے میں معاشی استحکام آئے گا اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔

واپڈا حکام کے مطابق کنٹریکٹ نیسپاک کی سربراہی میں قائم تین کمپنیوں کے جوائنٹ وینچرز کو ایوارڈ کیا گیا ہے کنٹریکٹ کی مالیت 15 کروڑ 62 لاکھ 26ہزار روپے ہے۔

کنٹریکٹ میں مورونج ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی، تفصیلی انجنیئرنگ ڈیزائن، ٹینڈر دستاویزات اور پی سی۔ون کی تیاری شامل ہے مورونج ڈیم پراجیکٹ کاہا نالہ پر تعمیر کیا جائے گا۔

کاہا نالہ راجن پور کے نواح میں کوہ سلیمان کے پہاڑی نالوں میں سے ایک بڑا نالہ ہے جس میں پانی کا سالانہ اوسط بہاؤ ایک لاکھ 83 ہزار ایکڑ فٹ ہے، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8لاکھ ایکڑ فٹ ہوگی۔

اس منصوبے سے 12میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی بھی پیدا ہوگی پراجیکٹ کی بدولت ایک لاکھ 20 ہزار ایکڑ بنجر زمین زیرکاشت آئے گی، زیرزمین پانی کی سطح بلند ہوگی اور ماہی گیری کو فروغ ملے گا۔