لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا مریضوں کے علاج کے لیے کارآمد ادویات کی فوری خریداری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا نئی ادویات کورونا ایڈوائزری گروپ کی منظوری کے بغیر استعمال نہ کی جائیں۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت کے افسران اور ہسپتالوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے درکار ادویات و طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
یاسمین راشد نے انچارج کورونا ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ ڈاکٹر محمود شوکت کو کورونا کے مریضوں کیلئے کارآمد ادویات کو عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ آئی سی یوز میں وینٹی لیٹرز سمیت دیگر طبی سہولیات مکمل ہونی چاہئیں، کورونا مریضوں کے اخراجات میں شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام اخراجات کا آڈٹ کیا جائے گا۔