اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیو یارک ٹائمز نے مودی کی ناکام پالیسیوں کا پول کھول دیا ہے۔ امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی عوام مودی حکومت پر اعتماد کھونے لگے ہیں، مودی کی پالیسیوں نے عوام کو بھوک سے مار دیا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ رہنما فیصلوں کی تعداد نہیں، ان کے اثرات سے جانے جاتے ہیں، سخت لاک ڈاؤن کے باوجود بھارت میں کورونا کیسز اور اموات زیادہ ہیں، پاکستان میں بھارت کے مقابلے میں کیسز کم ہیں۔
اخبار میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیاء میں لاک ڈاؤن ہی نہیں، دیگر عوامل بھی اہم تھے، جنہیں مودی نے نظر انداز کیا، ایل او سی اور دیگر عوامل پر توجہ بھی اس اندرونی ناکامی کو چھپانے کیلئے تھی، پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر بھی کئی بار اس معاملے پر بات کر چکے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق شرح اموات سے لگتا ہے کہ مودی حکومت نے اقدامات نہیں کئے، لداخ پر چین کے ہاتھوں ہزیمت کے بعد مودی کی کووڈ پالیسی بھی ناکامی کا شکار ہے، مودی کی پالیسیوں نے لوگوں کو بھوک، افلاس سے مار دیا، بیشتر غریب لوگ اس پالیسی کا شکار ہوئے۔
امریکی اخبار نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ مودی کا ہندوستان صرف امیروں کے لئے ہے، آج کاسٹ سسٹم واضح ہو گیا، کس طرح چھوٹی کاسٹ، اقلیتوں کو کووڈ میں بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا۔