کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوشوں کو ریل اور جہاز کی سفری آزادیاں نقصان پہنچا رہی ہیں۔ موجودہ حالات میں انسانیت کی بقا میں مصروف مسیحا ہمارا فخر ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہسپتالوں میں بیڈز اور دیگر سہولیات بھی بڑھا رہے ہیں۔ عوام کسی بھی طرح کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ صرف مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رہنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ عوام سانحہ ماڈل کالونی کے شہدا اور متاثرین کو ضرور یاد رکھیں۔