ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال کے قریب پولیس مقابلے کے دوران دہشت گردی کے مقدمہ میں مطلوب ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ قصبہ بوڑالدھیال کے قریب دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب چند ملزمان واردات کی نیت سے کھڑے ہیں جس پر ایس ایچ او تھانہ ترکھانوالہ نے اپنی بھاری نفری کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا توملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی ہوائی فائرکئے۔
ایس ایچ او تھانہ ترکھانوالہ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مزید پولیس نفری طلب کی جس پر ڈی ایس پی ساہیوال، ڈی ایس پی صدر، ایس ایچ اوز تھانہ ساہیوال، شاہ پور صدراور سلانوالی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔
ملزمان فصلوں کی اوٹ لیکر پولیس پر فائرنگ کرتے رہے، تھوڑی دیر فائرنگ ہوتی رہی اورملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا تو ایک کس لاش کھیتوں میں سے ملی جس کی شناخت نجیب اللہ عرف نجو بلوچ ولد محمد سعید سکنہ لغاری حال شبیر کالونی جوہرآباد کے نام سے ہوئی جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔
ملزم پولیس کو دہشت گردی، پولیس مقابلہ اوردیگر مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم نے مورخہ 12مئی 2020 کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اے ایس آئی ممتاز حسین نتھوکہ کو دوران ڈیوٹی یونیفارم میں فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا ملزم نجیب اللہ اس مقدمہ کا مرکزی ملزم تھا جبکہ دیگرفرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔