اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے 60 اضلاع میں ٹڈی دل نے ڈیرے جمالئے، این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔ بلوچستان میں 31، خیبرپختونخوا میں 9، پنجاب میں 10، سندھ کے 10 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں، صادق آباد، روجھان، جام پور اور دشت میں آج بھی ٹڈیوں نے حملے کئے، فصلوں کو نقصان پہنچایا۔
ملک میں ٹڈی دل کی یلغار سے چاروں صوبوں میں صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ ملک بھر میں 1127 ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشنز میں شریک ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 90 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے ہوا۔
جمعرات کو صادق آباد میں ٹڈی دل نے بھونگ، نواز آباد چوک، ماہی چوک، رحیم آباد اور شہباز پور کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے آم کے باغات متاثر ہوئے، کاشت شدہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا، روجھان میں بھی ٹڈی دل نے حملہ کر دیا جس سے کپاس، گنے، سبزیوں سمیت دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں، کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو بھگانے میں مصروف رہے، جام پور میں ٹڈیوں نے بھی یلغار کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کا چیلنج بھی درپیش ہے، افسوس موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ٹڈی دل کا کردار ادا کر رہی ہے۔