لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی جانب سے حکومت پر تنقید کے ردعمل میں کہا ہے کہ پورا پاکستان کرونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے کے نعرے پر عمل پیرا ہے لیکن شہباز شریف دبنگ بننے کی بجائے ملنگ بن کر ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں، حکومت جامع حکمت عملی سے کورونا کیخلاف اقدامات میں مصروف ہے۔
۔ لاہور سے جاری ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتہ چلے کہ حکومت پوری حکمت عملی کے ذریعے کرونا سے بچاو کے اقدامات کررہی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ سردار عثمان بزار کی قیادت میں پنجاب فروری سے کورونا کے خلاف بہادری سے جنگ کررہا ہے۔ پنجاب میں نو لیبارٹریز کو پی ایس ایل تھری لیول پر اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ پورے صوبے میں آئسولیشن وارڈز اور قرنطینہ سنٹر قائم کئیے گئے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہباز شریف بتائیں، انہوں نے خود اب تک کورونا کے خلاف کیا کردار ادا کیا۔ ن لیگ نے ایک دھیلے کا بھی خرچہ نہیں کیا۔ اس مشکل وقت میں قوم کو بطور اپوزیشن لیڈر لیڈ کرنا ان کا فرض بنتا تھا لیکن انہوں نے اپنی حکمت عملی سے اب تک قوم کو مایوس کیا ہے۔