شہباز شریف کا کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح میں اضافے پر اظہار افسوس

Last Updated On 26 May,2020 02:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جامع قومی حکمت عملی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی مرتب کی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا۔ پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں، ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایاجائے، وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے، تفصیل بتائی جائے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت حکمت عملی کیا ہے، یہ بھی قوم کو بتایا جائے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلووں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہے ہیں۔ شہبازشریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔

 

Advertisement