پشاور: (دنیا نیوز) سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
صوبائی چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز گزشتہ کئی ماہ سے کورونا وبا میں حفاظتی اقدامات کو خود مانیٹرنگ کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی محنت قابل ستائش ہے۔ وہ شب وروز کورونا کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں۔
انہوں نے کورونا سے متاثرہ چیف سیکرٹری کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ کورونا وبا کی روک تھام کے سلسلے میں ان کی انتھک کوششوں کو میں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ چیف سیکرٹری نے کورونا وبا کے خلاف اپنی سرکاری ذمہ داریوں سے بڑھ کر کام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس سلسلے میں چیف سیکرٹری اور دیگر افسران کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔