نیویارک: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کر گئی، امریکا میں اب تک 99 ہزار 3 سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں، امریکا نے برازیل سے آنے والے غیر ملکیوں پر پابندی لگا دی، معروف دانشور نوم چومسکی نے ٹرمپ انتظامیہ کو وبا سے ہونے والے نقصانات پر سخت تنقید کانشانہ بنایا ہے۔
کراہ ارض مہلک وائرس کی زد میں ہے، امریکا میں مزید 617 افراد ہلاک ہوئے۔ امریکہ نے ایسے تمام غیر ملکیوں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی ہے جو کہ گذشتہ 14 روز میں برازیل میں تھے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت متاثر نہیں ہو گی۔ برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
معروف امریکی دانشور نوم چومسکی نے کورونا وائرس پر ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کو سخت تنقید کانشانہ بنایا ہے، کہتے ہیں امریکی صدر کے بروقت اور اچھے اقدامات نہ کرنے سے تباہی پھیلی۔
چین میں اب مقامی طور پر منتقل ہونے والے کوئی نئے کیسز سامنے نہیں آئے، جنوبی افریقا میں دنیا کی سب سے گہری سونے کی کان میں 164 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ متعلقہ کان میں کام دوبارہ شروع کر دیا گیا تھا۔ زیادہ تر جن افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
برازیل میں مزید 703، میکسیکو میں 190 ہلاکتیں ہوئیں، بھارت 156، روس 153 اور برطانیہ میں 118افراد لقمہ اجل بن گئے، اسپین میں 74، کینیڈا 69 اور ایران میں 58 اموات ہوئیں۔