لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب نے لاک ڈاون میں مزید نرمی کا فیصلہ کر لیا، ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کرلیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں شرکاء نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں، ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیساتھ صوبہ بھر میں منہ اورناک ڈھانپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
حکومتی سفارشات کے تحت انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک وارڈن منہ اورناک نہ ڈھانپنے والے افراد کو تنبیہ کر سکیں گے۔
اجلاس میں ایک ہزارلیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد پبلک سروس کمیشن ایس او پیزپر عملدرآمد کو یقینی بنا کر تحریری امتحان اور انٹرویوز لے سکے گا جبکہ این سی او سی کو نئی بھرتیوں کی اجازت کے فیصلے سے آگاہ کیاجائے گا۔
مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپارائٹر کی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کیاجائے گا۔ صوبے میں پارکس کھولنے، تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2 دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی سے مشروط کردیا گیا ہے ۔
اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ وفاق سے 1500 وینٹی لیٹر فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی- ریسٹورنٹس،کیفے وغیرہ کھولنے سے متعلق وفاق کی ہدایات پر عمل کیاجائے گا-