واشنگٹن: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی پانچویں خصوصی پرواز 250 مسافروں کو لیکر نیو جرسی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئی، حکومت پاکستان نے عید سے قبل امریکہ میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی چارٹرڈ پروازوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
قونصل جنرل عائشہ علی نے نیویارک ائیر پورٹ نیو جرسی سے مسافروں کو رخصت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ائیر پورٹ پر وطن واپسی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔ عائشہ علی نے کہا بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی حکومت پاکستان اور سفارتخانہ واشنگٹن ڈی سی کی اولین ترجیح ہے۔
قونصل جنرل عائشہ علی کا کہنا تھا وطن واپس جانے کے خواہشمند پاکستانی آئندہ پروازوں کی معلومات کے حصول کیلئے ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں، سفارتخانہ اور چاروں قونصل خانوں نے امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں، امریکہ میں پھنسے تمام پاکستانیوں کو سفارتخانہ یا متعلقہ قونصل خانے کے ساتھ رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔