کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں دن بھر گرمی کے بعد شام ہوتے ہی تیز آندھی چل پڑی۔ مٹی کے طوفان اٹھنے سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ آندھی نے 4 افراد کی جان لے لی جبکہ اٹھارہ زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں چلنے والی آندھی اور بارش مغربی سسٹم کےاثرات کے باعث ہوئی گرد آلود فضا تقریبا آدھے گھنٹے تک رہی۔ ہوا کی رفتار اٹھارہ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
موسم کا حال بتانے والوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے جھکڑ دوبارہ چل سکتے ہیں۔ تیز ہوائیں شمالی علاقوں کی طرف سے چل سکتی ہیں۔ دوسری لہر میں شہر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
شدید آندھی کے باعث شہر میں مختلف واقعات بھی رپورٹ ہوئے جن میں خاتون سمیت 4 افراد زندگی کے بازی ہار گئے جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب طوفانی ہواؤں کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ صدر، گلستان جوہر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، ملیر، نیو کراچی، کورنگی اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ادھر کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کی بھینس کالونی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بائیس سے زائد باڑے اور درجنوں مویشی جل گئے۔
باڑہ مالکان کہتے ہیں کہ آگ آسمانی بجلی گرنے سے لگی۔ تاہم پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ آتشزدگی شارٹ سرکٹ کے باعث ہوئی۔