ہمیں بدلتے ماحول کی طرف بڑھنے سے پہلے خود کو تیار کرنا ہوگا: وزیر خارجہ

Last Updated On 10 June,2020 09:10 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی وبائی چیلنج نے دنیا کو انتہائی تیزی سے تبدیل کیا ہے، مزید تبدیلیاں وقت کے ساتھ ساتھ سامنے آئیں گی، ہمیں اس تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں آگے بڑھنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا۔

وزارت خارجہ میں سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں، بڑے بڑے اہم اجلاس، کانفرنسیں ویڈیو لنک کے ذریعے ہو رہی ہیں، ہمیں اپنے آپ کو ڈیجیٹلائز کرنا ہو گا تاکہ ہم اپنا نکتہ نظر موثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس تبدیل ہوتی دنیا کے تیور سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی کو وضع کرنا ہو گا تاکہ ہم اپنے خارجہ پالیسی اہداف کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے سفارتکار، دنیا بھر میں سفارت کاری کے اسرار و رموز میں مہارت کے حوالے سے جانے جاتے ہیں لیکن ہمیں اپنی استعداد کار کو مزید بڑھانے کیلئے مل کر کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ ہمیں اپنے طرز عمل میں تبدیلی لاتے ہوئے، باہمی روابط اور مشاورت کے کلچر کو فروغ دینا ہو گا تاکہ ہماری کاوشیں جلد اور احسن انداز میں کامیابی سے ہمکنار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے کیلئے ہر قابلِ عمل تجویز کو خوش آمدید کہوں گا۔ پبلک ڈپلومیسی مشاورتی گروپ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جس میں تجربہ کار ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران دنیا بھر میں ہمارے سفارتخانے جس طرح سے پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کر رہے ہیں اس کی تعریف سوشل میڈیا کے ذریعے مل رہی ہے۔ لوگ ویڈیو پیغامات کے ذریعے وزارت خارجہ اور ہمارے سفرا ء کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں جس سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔