اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ کینیڈا جی 7 اور جی 20 فورمز کا اہم اور فعال رکن ہونے کے ناطے ڈیٹ ریلیف تجویز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد کریگا۔
تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرینہ گولڈ سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔
دونوں وزرا کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے حوالے سے کینیڈا کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے اس وبا سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے ساتھ ایک طرف کورونا جیسی عالمی وبا سے نبرد آزما ہے تو دوسری طرف معاشی بحران کا شکار لاکھوں غریب پاکستانیوں کی معاشی معاونت کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت کورونا کی انتہائی سطح کو چھو رہا ہے۔ ہمیں بیک وقت دو چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایک طرف ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اور دوسری طرف اپنے لوگوں کو بھوک اور غربت سے بچانا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کینیڈٰین وزیر کو بتایا کہ 25 فیصد پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود کورونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے احساس پروگرام کے تحت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ترقی پذیر ممالک کی ابتر معاشی حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے ڈیٹ ریلیف کی فراہمی کی تجویز دی ہے۔ ہميں خوشی ہے کہ جی 20 اور دیگر اہم فورمز پر اس تجویز کو نہ صرف زیر بحث لایا گیا بلکہ اس تجویز کے پیش نظر عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں لیکن اس چیلنج کی نوعیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اقدام ناکافی ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ کینیڈا جی 7 اور جی 20 فورمز کا اہم اور فعال رکن ہونے کے ناطے اس ڈیٹ ریلیف تجویز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد کریگا۔
کینیڈین وزیر نے ڈیٹ ریلیف تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا ایک عالمی چیلنج ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم کورونا وبا کیساتھ ساتھ پولیو کے خاتمے کے لئے بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترقی پذیر ممالک کی معاشی معاونت کے لیے عالمی کانفرنس کے انعقاد اور وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرنے پر کینیڈین وزیر اعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے انھیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ہندتوا سوچ پر عملدرآمد کے ذریعے پورے خطے کے امن واستحکام کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے امن پسند شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت مسلمانوں کو کورونا وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے کر ان کی مسلسل تضحیک کر رہا ہے۔ عالمی برادری کو اس ہندوستان کے منفی رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔
دونوں وزرا نے دوران گفتگو کورونا وبا سے نمٹنے اور اہم علاقائی وعالمی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے لیے، باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔