بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا: وزیر خارجہ

Last Updated On 24 May,2020 05:08 pm

ملتان: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی مہم جوئی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

ملتان میں عید کی نماز ادا کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ضبط وتحمل کی اس کی پالیسی کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کی آڑ میں مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں اور بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے غیر انسانی رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ نے گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف اے العثیمین کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مقامی لوگوں کے گھروں کو نذرآتش کرنے اور انہیں زمین بوس کرنے جیسی کارروائیوں کے ذریعے مسلمانوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور وہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدام پر پاکستان کی طرف سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل سے متعلق نئے قانون پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت کوروناوائرس سے پیدا ہونے والے بحران کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون میں مزید سختی کررہا ہے۔وزیرخارجہ نے جموںوکشمیر کے تنازعے پر اسلامی تعاون تنظیم کی مسلسل حمایت کر سراہا۔