اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے باعث یورپی یونین میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے اپنے محدود معاشی وسائل کے باوجود متاثرین وبا کی معاشی بحالی کیلئے 8 ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین، کثیرالجہتی شعبہ جات میں، دو طرفہ تعلقات میں فروغ خوش آئند ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو بروقت فراہم کی جانے والی معاونت قابلِ تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین، انسانی حقوق کی علمبردار ہونے کے ناطے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکوانے، بلا جواز پابندیوں کے خاتمے، اور بھارتی جیلوں میں مقید کشمیریوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
پاکستان ميں یورپی یونین کی سفیر نے موجودہ وبائی چیلنج کے پیش نظر، پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے، یورپی یونین کی طرف فراہم کی جانے والی امداد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔