اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پیرس کلب کے بعد سعودی عرب اور چین نے بھی یکم مئی سے 31 دسمبر تک پاکستان کے قرضوں کی ادائیگیاں موخرکرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق قرض کی ادائیگیاں موخر ہونے سے پاکستان کو مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کا ریلیف ملے گا اور اس سلسلے میں باقاعدہ اعلان آئندہ ہفتے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے بھی قرض کی ادائیگیاں موخر کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے اور آئندہ بجٹ یہ ادائیگیاں موخر سمجھ کر بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترقی پذیر ممالک کو قرض فراہم کرنے والے ممالک پر مشتمل گروپ پیرس کلب نے پاکستان کا قرضہ موخر کرنے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل آئی ایم ایف پاکستان کو قرضوں میں ایک سال کا ریلیف دے چکا ہے اور جی 20 ممالک نے بھی قرض منجمد کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔