کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا زور، گلشن اقبال، مدراس سوسائٹی، جہانگیر روڈ، پٹیل پاڑہ سمیت دیگر علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے بتی غائب رہنے لگی۔
کراچی میں گرمی اپنے عروج پر پہنچی تو کے الیکٹرک کا سسٹم بھی جواب دے گیا۔ شہر بھر میں 12 سے 16 گھٹے کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی۔ نہ طلب و رسد واضح، نہ نظام کی کوئی درست معلومات، کے الیکٹرک نے فقط فرنس آئل کی کمی کا بہانہ بنا کر شہریوں پر طویل لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر دیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دو دن سے شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال اتنہائی خراب ہے، فون کرو تو صرف یہی جواب ملتا ہے کہ تکنیکی مسائل کے سبب لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جائیں تو کہاں جائیں۔ کے الیکٹرک ترجمان شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی تردید کرتے ہیں تاہم واضح موقف دینے سے مسلسل گریزاں ہیں۔