لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے پہلے فیز میں بند ہونے والے لاہور کے 61 علاقے کھل گئے، 7 علاقوں کی بندش میں تین روز کی توسیع کر دی گئی۔
جوہرٹاؤن میں اے بلاک، بی ون، ای، ایف ٹو بلاک، جی بلاک، ایچ، جے، آر بھی کھول دیا گیا۔ کینال ویو سوسائٹی، واپڈا ٹاؤن، پی سی ایس آئی آر کے علاقے کھول دیئے گئے۔ ڈی ایچ اے فیز ون کے تمام سیکٹر کھول دیئے گئے۔
عسکری ٹین، ڈی ایچ اے فیز تھری اور فائیو بھی کھولنے والے علاقوں میں شامل ہیں۔ اولڈ انار کلی، کریم پارک، حکیم والا بازار، چھوٹا ساندہ کو کھول دیا گیا۔ شاد باغ محلہ گول باغ کےعلاقے کی سیل گلیوں کو بھی کھول دیا گیا، واہگہ کے علاقے میں گلی نمبر 10، محلہ شاہ نورداروغہ والا کو کھول دیا گیا۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 91 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 395 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 133 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 76 ہزار 262، سندھ میں 84 ہزار 640، خیبر پختونخوا میں 26 ہزار 598، بلوچستان میں 10 ہزار 476، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 489، اسلام آباد میں 12 ہزار 912 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 93 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 13 لاکھ 5 ہزار 510 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 418 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 802 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 741 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 91 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 395 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 762، سندھ میں ایک ہزار 377، خیبر پختونخوا میں 951، اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121، گلگت بلتستان میں 26 اور آزاد کشمیر میں 30 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔