کراچی: (دنیا نیوز) لاک ڈاون کے باعث تیل و گیس کی یومیہ اوسط پیداوار 10 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل اور گیس کی گھٹتی طلب کو دیکھتے ہوئے کمپنیوں کو پیداوار میں مجبورا کٹوتی کرنا پڑی۔
اپریل 2020 میں خام تیل کی یومیہ اوسط پیداوار 38 فیصد کمی کے بعد 53 ہزار 202 بیرل رہی جو اپریل 2019 میں یومیہ اوسط 85 ہزار 754 بیرل تھی جبکہ 10 ماہ میں خام تیل کی یومیہ اوسط پیداوار 13 فیصد کمی کے بعد 65 ہزار 176 بیرل رہی۔
دوسری جانب اپریل 2020 میں یومیہ گیس کی اوسط پیداوار 18 فیصد کمی کے بعد 3 ارب 12 کروڑ مکعب فٹ رہی جو اپریل 2019 میں یومیہ اوسط 3 ارب 83 کروڑ مکعب فٹ تھی جبکہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 8 فیصد کمی کے بعد 3 ارب 2 لاکھ مکعب فٹ ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے سبب لاک ڈوان رہا جس کے باعث ایک طرف تو کمپنیوں نے کم عملے کو کام پر لگایا تو دوسری جانب خام تیل اور گیس کی گھٹتی طلب کو دیکھتے ہوئے کمپنیوں کو پیداوار میں مجبورا کٹوتی کرنا پڑی۔